حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، یہ کانفرنس وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف کے زیر صدارت منعقد ہوئی۔ جس کے مہمان خصوصی پاکستانی آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر تھے۔
پاکستانی وزیراعظم اور آرمی چیف نے فتنہ خوارج کو فساد فی الارض قرار دیتے ہوئے ان کا قلع قمع کرنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور افغان حکومت کو ان کی پشت پناہی کرنے پر خبردار بھی کیا گیا۔
علاوہ ازیں دوسرے موضوعات میں مہنگائی کا خاتمہ، عوام کو ریلیف دینے، ملک میں انتشار فرقہ واریت، تکفیر پھیلانے والوں کی ملک دشمنی اور ان کا مقابلہ، فلسطین و کشمیر میں مظالم، ملکی امن و امان اور اتحاد امت میں علماء و مشائخ کا کردار جیسے موضوعات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
قابل ذکر ہے کہ کانفرنس کے آخر میں علمائے کرام اور مشائخ کے سوالات کے جوابات بھی دئیے گئے۔